LIVE

’بچ گیا تو اللہ کا شکر،نہیں تو اللہ حافظ‘ ملبے میں پھنسے شخص کا آخری پیغام

ویب ڈیسک
September 26, 2020
 

بھارت میں زمین بوس ہونے والی ایک عمارت کے ملبے تلے 10 گھنٹے تک پھنسے رہنے والے شخص نے موبائل فون سے اپنا  آخری پیغام  ریکارڈ کیا، زندگی اور موت کی کشمکش میں پھنسے اس شخص کی ویڈیو میں بے بسی اور موت کے ساتھ امید کی کرن بھی دیکھی جاسکتی ہے۔

گذشتہ دنوں بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ممبئی کے قریب واقع ضلع تھانے میں ایک تین منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی تھی جس میں 41 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

عمارت گرنے کے بعد ریسکیو اداروں نےفوری طور پر امدادی کارروائی شروع کردی تھی اور اس دوران 25 افراد کوملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔

ملبے تلے پھنسے ایک شخص خالد خان نے اس دوران ملبے کے نیچے کی صورت حال اور اپنی کیفیت پر مختلف ویڈیوز ریکارڈ کیں۔

خالد خان نے اپنی اہلیہ کے نام اپنا آخری پیغام بھی ریکارڈ کروایا کیوں کہ جب وہ ویڈیو ریکارڈ کررہا تھا تو اسے زندہ بچ جانے کا یقین نہیں تھا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پسینے میں شرابور اور پھولتی سانس کے ساتھ خالد اپنی اہلیہ کے نام پیغام میں کہہ رہا ہے کہ ’اگر میں بچ گیا تو اللہ کا شکر، نہیں تو اللہ حافظ'۔

خالد نے بتایا کہ’ اب بیڈ کے نیچے میں نے خود کوکرلیا ہے، میرے پاس ایک بیم بھی آکر گرا تھا جب کہ 2 گھنٹے پہلے میرا پاؤں ملبے میں پھنسا ہوا تھا'ـ

تقریباً 10 گھنٹے تک خالد ملبے تلے دبا رہا اور پھر جب ریسکیو ورکرز نے اسے نکالا تو وہاں موجود لوگوں نے ’اللہ اکبر‘ اور ’بجرنگ بلی‘ کے نعرے لگائے۔

خالد کا کہنا ہے کہ 'اسے نئی زندگی ملی ہے، اس وقت پتہ نہیں تھا کہ زندہ بچوں گا یا نہیں'۔

عمارت گرنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں تاہم مہاراشٹرا میں اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے خاص طور پر مون سون کے دوران ایسے حادثات میں اضافہ ہوجاتا ہے جس کی وجہ ناقص تعمیرات بتائی جاتی ہیں۔