LIVE

بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ سے پاک فوج کا جوان شہید

ویب ڈیسک
September 26, 2020
 

پاک فوج نے مؤثرجوابی کارروائی کی اور بھارتی فوجی چیک پوسٹوں کونشانہ بنایا: آئی ایس پی آر— فوٹو: آئی ایس پی آر

بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان نائیک دلفراز شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے کوٹ کوٹیرا سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس پر پاک فوج نے مؤثرجوابی کارروائی کی اور بھارتی فوجی چیک پوسٹوں کونشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے نائیک دلفراز شہید ہوگئے، 34 سالہ شہید نائیک دلفراز کا تعلق مظفر آباد کے گاؤں پنج کوٹ سے ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں اب تک متعدد فوجی جوان اور شہری جاں بحق و زخمی ہوچکے ہیں۔