LIVE

انگلش کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کیلئے پی سی بی کی دعوت کی تصدیق کردی

سہیل عمران,فیضان لاکھانی
October 16, 2020
 

انگلش کرکٹ بورڈ نے دورے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت کی تصدیق کردی۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2021 کے شروع میں دورے کی دعوت دی ہے، اس حوالے سے  پی سی بی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بات کرکے حتمی فیصلہ کریں گے اور  پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے ای سی بی اپنا کردار ادا کرے گا۔

انگلش بورڈکا کہنا ہے کہ مجوزہ دورہ پاکستان سے پہلے سکیورٹی اور صحت کے معاملات دیکھنا ہوں گے۔

وسیم خان کی جیو نیوز سے گفتگو

دوسری جانب پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انگلش بورڈ کو باضابطہ طور پر تین ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے خط لکھا ہے جس کے لیے جنوری میں دعوت دی گئی ہے۔

وسیم خان نےکہا کہ جنوبی افریقی بورڈ کے بحران کے باوجود پاک جنوبی افریقا سیریز کو خدشہ نہیں،  جنوبی افریقہ کی سکیورٹی جائزہ ٹیم نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی اور ٹیم شیڈول کے مطابق جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی مچز شیڈول ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقی ٹیم کے دورے سے قبل انگلش ٹیم کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے البتہ دورے سے قبل انگلش بورڈ سکیورٹی اور حالات کا جائزہ لے گا۔