LIVE

99 پر آؤٹ ہونے کا غصہ، کرس گیل پر جرمانہ

ویب ڈیسک
October 31, 2020
 

جارح مزاج گیل ایک رنز کی کمی کے باعث آئی پی ایل کے ساتویں سنچری بنانے کے ریکارڈ سے محروم رہے— فوٹو: انڈین میڈیا

ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج کرکٹر کرس گیل پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں آؤٹ ہونے کے بعد غصہ دکھانے پر جرمانہ کردیا گیا۔

آئی پی ایل کے رواں سیزن کے میچز متحدہ عرب امارات میں جاری ہیں جہاں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کنگز الیون پنجاب کی نمائندگی کررہے ہیں۔

ابوظبی میں راجستھان رائلز اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان میچ میں کرس گیل نے چھکوں اور چوکوں کی بارش کی تاہم انہوں نے میچ میں 63 گیندوں پر 8 چھکوں کی مدد سے 99 رنز بنائے اور آرچر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

گیل آؤٹ ہونے پر آپے سے باہر ہوگئے اور بلے کو زور سے فیلڈ میں پھینکا۔

جارح مزاج گیل ایک رنز کی کمی کے باعث آئی پی ایل کی ساتویں سنچری بنانے کے ریکارڈ سے محروم رہے۔

کرس گیل کی اس حرکت پر انہیں آئی پی ایل کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا اور انہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف بھی کیا جس پر انہیں میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیاگیا۔

گیل کیلئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک ہزار سے زائد چھکے لگانے کا اعزاز

وہیں دوسری جانب جارح مزاج کرس گیل ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں ایک ہزار سے زائد چھکے لگانے والے پہلے کھلاڑی بن چکے ہیں اور انہوں نے یہ سنگ میل 402 اننگز میں حاصل کیا ہے۔

جارح مزاج بلے باز آئی پی ایل میں اب تک 6 سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں جڑ چکے ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں اب تک وہ 22 سنچریاں بنا چکے ہیں۔