LIVE

امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ عارضی طور پر ملتوی

ویب ڈیسک
November 14, 2020
 

فائل فوٹو

امریکی حکومت کی جانب سے چینی لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک پر فوری پابندی کے فیصلے کو عارضی طور پر ملتوی کر دیا گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی ایپ ٹک ٹاک کو امریکا میں بند کرنے یا اپنے شیئرز بیچنے کا کہا تھا اور اب اس تاریخ میں توسیع کرکے ٹک ٹاک کو مزید 15 دن کی مہلت دی گئی ہے۔ 

اب ٹرمپ انتظامیہ نے بائٹ ڈانس کو 15 دن کی توسیع دیتے ہوئے چینی کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 دنوں کے اندر اندر اپنے شیئرز فروخت کرے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام لگایا تھا کہ چین ٹک ٹاک کے ذریعے جاسوسی کر سکتا ہے جب کہ نومبر 2019 میں امریکا نے جاسوسی کے خطرے کے پیش نظر اپنے فوجیوں کو ٹک ٹاک کے استعمال سے روک دیا تھا۔

چینی ٹیکنالوجی کمپنی ’بائٹ ڈانس‘ جس کی بنیاد 2012 میں رکھی گئی تھی، مقبول ترین ایپ ٹک ٹاک کی مالک ہے۔

یہ ویڈیو شیئرنگ ایپ صرف چین میں ہی متعارف کرائی گئی تھی اور ایک سال بعد 2017 میں اس کمپنی نے دنیا بھر میں ’میوزکلی‘ نامی ایپ متعارف کرائی جسے بعد ازاں ٹک ٹاک ایپ میں تبدیل کر دیا گیا۔