گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے لیے ہونے والے انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے جی بی کے تمام 24 حلقوں کے نتائج کا سرکای اعلان کیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سےکامیاب امیدواروں کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق 10 نشستوں پر تحریک انصاف، 7 پر آزاد امیدوار، 3 پر پیپلز پارٹی، دو پر مسلم لیگ ن کامیاب رہی جب کہ ایک ایک نشست جے یو آئی ف اور ایم ڈبلیو ایم کے حصے میں آئی۔
جی بی اے 2 گلگت ٹو سے پی ٹی آئی کے امیدوار فتح اللہ خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ جی بی 2 گلگت ٹو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چند ووٹوں سے دوسرے نمبر پر رہے لیکن پیپلز پارٹی نے انتخابی نتیجہ ماننے سے انکار کر دیا ہے اور پیپلز پارٹی کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔