LIVE

نارنگ منڈی: بس اور ویگن میں خوفناک تصادم، آگ لگنے سے 13مسافر جھلس کر جاں بحق

احمد فراز
November 30, 2020
 

پنجاب کے شہر نارنگ منڈی میں بس اور ویگن میں خوفناک تصادم میں ویگن کا گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 13 مسافر جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ ہولناک حادثہ نارنگ منڈی نارووال روڈ پر دربار میراں شاہ کے قریب پیش آیا،جہاں نارووال سے لاہور جانے والی بس سامنے سے آنے والی ویگن سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں ویگن کا گیس سلنڈر پھٹنے کے بعد ویگن اور بس دونوں آگ کی لپیٹ میں آگئے، عینی شاہدین کے مطابق کچھ مسافر باہر کود گئے تاہم بیشترمسافروں کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہ ملا۔

حادثےمیں 13مسافر جھلس کر جاں بحق اور17 زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو نارنگ منڈی، مریدکے اور شیخوپورہ  کے اسپتالوں میں منتقل کیاگیا ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔