LIVE

تحفظ ناموس رسالت كے قانون ميں تبدیلی كا تصور بھی ممكن نہیں: طاہر اشرفی

ویب ڈیسک
November 30, 2020
 

وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر محمود اشرفی  نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت كا قانون انسانی جانوں كا محافظ ہے، اس قانون ميں تبدیلی كا تصور بھی ممكن نہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ تمام آسمانی مذاہب پیار اور محبت کا درس دیتے ہیں، اسلام میں جبر کا کوئی تصور نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا بحران میں مسیحی برادری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، قانون اور آئین کے مطابق سب کو زندگی گزارنی ہے، قانون کی بالا دستی اورامن قائم رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت اور اپوزیشن کیلئے قانون برابر ہے۔

طاہر اشرفی کا جبری مذہب کی تبدیلی پر کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں کہ 295 سی کا غلط استعمال نہیں ہوگا، ملک میں مذہب کی جبری تبدیلی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اپنی ہوس کیلئے کسی کو اسلام کا نام استعمال کرنے نہیں دیں گے، گارنٹی سے کہہ سکتا ہوں 90 فیصد جبری شادیوں میں ہوس کا عمل دخل ہوتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ناموس رسالت كا قانون انسانی جانوں كا محافظ ہے، ناموس رسالت كے قانون ميں تبدیلی كا تصور بھی ممكن نہیں، موجودہ حكومت عقيده ختم نبوت وناموس رسالت کی حفاظت کر رہی ہے۔