LIVE

برطانوی شہزادہ چارلس کا وزیراعظم کو فون، کورونا سے ہلاکتوں پر اظہار افسوس

ویب ڈیسک
December 03, 2020
 

وزیراعظم عمران خان کو برطانوی شہزادہ چارلس نے ٹیلی فون کیا اور پاک برطانیہ تعلقات پر گفتگو سمیت پاکستان میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور  پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس نے گفتگو کے دوران پاک برطانیہ قریبی اورمنفرد تعلقات کے عزم کا اظہارکیا اور دونوں رہنماؤں نے پاک برطانیہ بہترین بین الاقوامی دوستی پر بھی گفتگو کی۔

شہزادہ چارلس نے پاکستان میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس بھی کیا۔ 

اعلامیے میں کہاگیا ہےکہ برطانیہ کورونا وباکے دوران پاکستان کو ضروری امداد فراہم کررہا ہے، دونوں رہنماؤں نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں زیادہ عالمی تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیااور بالخصوص موسمیاتی تبدیلی اور ماحول کے تحفظ کیلئے عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق شہزادہ چارلس نے موسمیاتی تبدیلی کےخطرےسے نمٹنے میں پاکستان کے عزم کا خیر مقدم کیا اور پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے استعمال کے لیے برطانوی تعاون کا اعادہ کیا۔