LIVE

سابق وزیراعظم ظفراللہ جمالی آبائی علاقے روجھان جمالی میں سپرد خاک

ویب ڈیسک
December 03, 2020
 

سابق وزیراعظم میرظفراللہ خان جمالی کی تدفین آبائی گاؤں روجھان جمالی میں کردی گئی۔

سابق وزیراعظم میرظفراللہ خان جمالی کی میت خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے جیکب آباد ائیر پورٹ پہنچائی گئی جہاں سے ایمبولینس کے ذریعے میت کو ان کے آبائی علاقے  نصیر آباد روجھان جمالی پہنچایا گیا۔

ان کی نماز جنازہ سخی در محمد قبرستان کے سامنے میدان میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں صوبائی وزراء سمیت سندھ و بلوچستان کے قبائلی اور سیاسی رہنما شریک ہوئے۔

سابق وزیر اعظم کو سخی در محمد خان جمالی قبرستان میں ان کے والد کے پہلو میں سپردخاک کیاگیا، نماز جنازہ سے قبل پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔

خیال رہے کہ میرظفراللہ خان جمالی گذشتہ روز دل کے عارضےکے باعث انتقال کرگئے تھے۔

انہیں گزشتہ دنوں  طبیعت خراب ہونے پر راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ( اے ایف آئی سی) میں داخل کیاگیا تھا جہاں انہیں طبیعت بگڑنے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

  میرظفراللہ خان جمالی کے انتقال پر صدر عارف علوی ،وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، چوہدری پرویز الہٰی، پیپلزپارٹی کےقمرزمان کائرہ اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اوردیگر رہنماؤں نے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔