LIVE

بلوچستان کا دلفریب سیاحتی مقام 'پیر غائب' سیاحوں کی توجہ کا مرکز

راشد سعید
December 03, 2020
 

بلوچستان کی وادی بولان کے پرفضا سیاحتی مقام  پیرغائب میں تزئین نو سے اس مقام کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

بلوچستان اپنے محل وقوع اور خوبصورت قدرتی مناظرکےاعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل صوبہ ہے جو اسے سیاحتی حوالےسے بھی بہت ممتاز کرتے ہیں، صوبے کے طول و ارض میں کئی دلفریب سیاحتی مقامات ہیں، انہی میں سے ایک بولان کے علاقے میں واقع پیرغائب بھی ہے ۔

کوئٹہ سے سبی جاتے ہوئے تقریباً 90 کلومیٹر کی دوری پر توبہ کاکڑ کے پہاڑی رینج میں واقع وادی بولان میں پرفضا سیاحتی مقام پیرغائب سیاحت کےشوقین افراد کے لیے راحت کی بڑی جگہ ہے، یہ مقام پہاڑوں میں گھرے کھجور اور مختلف درختوں اور جڑی بوٹیوں سے اٹی زمین اور قدرتی چھوٹی بڑی آبشاروں سے مزین ہے ۔

یہاں کے چشمے بھی خوب ہیں جن کا پانی گرمیوں میں ٹھنڈا اور سردیوں میں گرم رہتاہے،اس ماحول میں پہنچ کر انسان قدرت کی رعنائیوں میں کھو کر رہ جاتاہے۔

چھوٹی بڑی آبشاریں اورکھجور کے باغوں سے سجا علاقہ سیاحوں کو اپنی طرف کھینچنے لگاہے،فوٹو: فائل

دلکشی میں اپنی مثال آپ،چھوٹی بڑی آبشاریں اورکھجور کے باغوں سے سجا علاقہ سیاحوں کو اپنی طرف کھینچنے لگاہے۔

فرنٹئیر کور (ایف سی) نے حکومت بلوچستان اور سدرن کمانڈ کے تعاون سے اس مقام کی تزئین نو کا بیڑہ اٹھایا اور لوگوں کی سہولت کے لیے پختہ راستے ،نئی مسجد،پارک اور فوڈ پوائنٹ سمیت مختلف سہولیات مہیا کردی ہیں۔

پیر غائب کی حالیہ تزئین نو کو مثال بناتے ہوئے دیگر مقامات کی بہتری کے لیے بھی سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے ،فوٹو: بلیک برڈ یوٹیوب 

وزیراعلیٰ جام کمال خان اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) ایف سی میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے نئی سہولیات کا افتتاح کیا۔

پیر غائب ہو یا بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دیگر سیاحتی مقامات وہاں سیاحوں کے لیے ضروری سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے، پیر غائب کی حالیہ تزئین نو کو مثال بناتے ہوئے دیگر مقامات کی بہتری کے لیے بھی سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔