LIVE

غلطی سے ایل او سی پار کرنے والی 2 بہنوں کو بھارتی فوج نے گرفتار کرلیا

ویب ڈیسک
December 06, 2020
 

 ثناء زبیر اور لائبہ زبیر اس وقت مقبوضہ کشمیرپولیس کی حراست میں ہیں،ذرائع،فوٹو: سوشل میڈیا

آزادکشمیر کے علاقے عباس پور کی 2 بہنیں غلطی سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کرکے مقبوضہ کشمیر چلی گئیں جہاں انہیں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لے لیا۔

رپورٹس کے مطابق آزادکشمیر کے علاقے عباس پور کی 2 بہنیں ثناء زبیر اور لائبہ زبیر جن کی عمریں بالترتیب 13 اور  17 سال ہیں آج صبح پونچھ سیکٹر میں غلطی سے ایل او سی پار کرگئی تھیں۔

دونوں بہنوں کے والدین نے حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کی بیٹیوں کی واپسی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ وہیں سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے مہم چل رہی ہے جس میں دونوں پاکستانی لڑکیوں کی باحفاظت واپسی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

 دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا ہےکہ لائن آف کنٹرول غلطی سے پار کرنے والی دو بہنوں کے معاملے پر بھارتی حکام سے رابطے میں ہیں، امید ہے کل تک دونوں بہنیں واپس کردی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ثناء زبیر اور لائبہ زبیر اس وقت مقبوضہ کشمیرپولیس کی حراست میں ہیں۔