LIVE

کورونا کی تحقیقات کیلئے عالمی ادارہ صحت کی ٹیم ووہان جائے گی

ویب ڈیسک
December 16, 2020
 

گزشتہ سال دسمبر میں پہلی مرتبہ چینی شہر ووہان میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے— فوٹو:فائل 

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ٹیم کورونا کی تحقیقات کیلئے چین کے شہر ووہان جائے گی۔

گزشتہ سال دسمبر میں پہلی مرتبہ چینی شہر ووہان میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور یہ وائرس اب عالمگیر وبا کی صورت اختیار کرچکا ہے۔

دنیا بھر میں مہلک وائرس سے لاکھوں افراد ہلاک اور کروڑوں متاثر ہوچکے ہیں جبکہ دنیا کی معیشت بھی بیٹھ چکی ہے جس کے باعث سیاحت سمیت کئی انڈسٹریز بھی مشکلات میں ہیں۔

وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے اب تک تحقیقات نہیں کی جاسکی ہیں کہ ووہان کی جانوروں کی مارکیٹ سے پھیلا یا کسی اور ذریعے سے انسانوں میں منتقل ہوا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی چینی وائرس قرار دے چکے ہیں جبکہ طب کے شعبےسے وابستہ کئی افراد بھی وائرس کی وجوہات معلوم کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔

اب عالمی ادارہ صحت کی سائنسدانوں پر مشتمل 10 رکنی ٹیم اگلے برس جنوری میں ووہان کادورہ کرے گی جہاں وائرس کی نشوونما اور تعلق کے حوالے سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔

عالمی ادارہ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ سائنسدانوں کی ٹیم جنوری میں ووہان جائے گی جس میں ماہرین کو شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ٹیم میں شامل ماہر فابیان لینڈرٹز کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا مقصد کسی ملک کو مجرم ٹھہرانا نہیں بلکہ ہم اعداد و شمار کی بنیاد پر مستقبل کے خطرے کو کم کرسکتے ہیں۔