LIVE

ابھیشیک بچن اکشے کمار کی تعریف پر کیوں ناراض ہوگئے؟

ویب ڈیسک
December 17, 2020
 

فائ فوٹو

بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن بھارتی فلم ڈسٹری بیوٹر اکشے راٹھی کی جانب سے اکشے کمار کی تعریف کرنے پر ناراض ہوگئے۔

بھارتی فلم ڈسٹری بیوٹر اکشے راٹھی نے گزشتہ روز ایک ٹوئٹ کی جس کے بعد اکشے راٹھی اور ابھیشیک بچن کے درمیان بحث کا آغاز ہوا ۔

اکشے راٹھی نے ٹوئٹ میں کہا کہ دلچسپ ہے کہ اکشے کمار کس طرح ایک مدت میں اپنی فلم کی شوٹنگ ختم کرلیتے ہیں، دوسرے اداکاروں کو بھی یہ مہارت سیکھنے کی ضرورت ہے۔

اکشے راٹھی نے مزید لکھا کہ اکشے کمارکی فلمیں   زیادہ ہٹ ہوتی ہیں،  دوسرے اداکاروں کو اس حوالے سے بہتر منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔

اکشے راٹھی کی جانب سے کی گئی اکشے کمار کی تعریف بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن کو نہ بھائی اور انہوں نے اپنے رد عمل میں کہا کہ یہ بات مناسب نہیں کیونکہ مختلف لوگ مختلف چیزوں میں متحرک ہوتے ہیں اور کام کے حوالے سے مختلف رفتار رکھتے ہیں۔

ابھیشیک بچن کے اعتراض پر اکشے راٹھی نے اپنی ٹوئٹ سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی بھی فلم انڈسٹری کو بلندی پر لے جانے کا واحد راستہ صرف یہی ہے کہ فلمیں جلدی تیار کی جائیں اورزیادہ کام کیا جائے۔

ابھیشیک بچن نے اکشے راٹھی کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ اچھا کام مزید کام کی گنجائش پیدا کرتا ہے اور صرف فلمیں بنانے کی خاطر ہی فلمیں نہیں بنائی جاسکتیں، طویل عرصے میں آپ اس طرح فلم انڈسٹری کو مزید نقصان پہنچائیں گے۔