LIVE

اسلام آباد پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سےنوجوان کی ہلاکت پر جوڈیشل انکوائری کا فیصلہ

آصف علی بھٹی
January 02, 2021
 

اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان طالب علم کی ہلاکت کے واقعے کی فوری جوڈیشل انکوائری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد نے اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کےمعاملےکا نوٹس لیتے ہوئے فوری جوڈیشل انکوائری کا حکم  دیا ہے۔

جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد عامر احمد علی نے بتایاکہ واقعےکی فوری جوڈیشل انکوائری کے لیے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مقررکردیا ہے۔

 عامر احمد علی کےمطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دیگر سینئر قانونی افسران کی ٹیم کی مدد سے نوجوان اسامہ ستی کی پولیس فائرنگ سے ہلاکت کی انکوائری کریں گے اور اپنی رپورٹ پیش کریں گے جس کو وفاقی حکومت کو پیش کیاجائےگا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں رات گئے اینٹی ٹیررازم اسکواڈ (اے ٹی ایس) کے اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان اسامہ ندیم جاں بحق ہوگیا تھا۔

ابتدائی طور پر پولیس نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دیا تھا،بعد ازاں پانچ پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف انسداد دہشت گردی اور قتل کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔