LIVE

عوام کو انتخابات میں فتح سے دور رکھا جاتا ہے تو کیپیٹل ہل جیسے واقعات ہوتے ہیں: ٹرمپ

ویب ڈیسک
January 07, 2021
 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کیپیٹل ہل جیسے واقعات اس وقت ہوتے ہیں جب عوام کو انتخابات میں ان کی فتح سے دور رکھا جاتا ہے۔

امریکا کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کی جیت کی توثیق کے لیے کیپیٹل ہل میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مظاہرین رکاوٹیں اور سیکیورٹی حصار توڑ کر کیپیٹل ہل کی عمارت میں داخل ہو گئے۔

اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا اور ہنگامہ آرائی کے دوران 4 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔

نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اسے امریکی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ مظاہرین کو پرامن رہنے کی اپیل کریں اور انہیں واپس گھروں میں جانے کا کہیں۔

بعدازاں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حامیوں سے پیار ہے، قانون کو ہاتھ میں نہ لیں اور اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں اور اس دن کوہمیشہ یاد رکھیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات اس وقت ہوتے ہیں جب عوام کو انتخابات میں ان کی فتح سےدور رکھا جاتا ہے، کئی عرصے سے محب وطن امریکیوں کی حق تلفی کی جا رہی ہے۔