LIVE

ملائیشیا نے ہمیں سنے بغیر طیارہ قبضے میں لے لیا: وزیر ہوا بازی

ویب ڈیسک
January 16, 2021
 

راولپنڈی: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ ملائیشیا نے ہمیں سنے بغیر فیصلہ کیا اور طیارہ قبضے میں لے لیا۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ نواز شریف اور مریم کے بیانیے سے اختلاف کرتے ہوئے (ن) لیگ کے کارکن پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار اپنے حلقے کے لیے حلف نہ اٹھاکر عوامی مینڈیٹ کی توہین کے مرتکب ہورہے ہیں، انہیں اسمبلی میں جانا چاہیے اور نہیں جاتے تو مستعفی ہو جائیں، جو کام چوہدری نثار اپنےحلقےمیں 35سالوں میں نہ کرسکے ہم 35 ماہ سے پہلےکرکے دکھا رہےہیں۔

وزیر ہوا بازی نے پی آئی اے کا طیارہ تحویل میں لیے جانے سے متعلق کہا کہ پی آئی اے کے دو طیارے 2015 میں (ن) لیگ کی حکومت نے مہنگی لیز پر لیے تھے، ان طیاروں کی لیز جون میں ختم ہوئی، کورونا کے باعث بروقت اقساط ادا نہیں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ تحویل میں لیے گئے طیارے سے متعلق برطانیہ کی عدالت میں ہمارا کیس لگا ہوا ہے لیکن ملائیشین عدالت میں اچانک کیس کرکے ہمارے طیارے کو روک لیا گیا، 22 تاریخ کو برطانیہ اور 24 تاریخ کو کوالالمپور کی عدالت میں ہمارے وکلا پیش ہوں گے، ملائیشیا نے ہمیں سنے بغیر فیصلہ کیا اور طیارہ قبضے میں لے لیا۔