LIVE

'کورونا وائرس میں اب تک 122 تبدیلیاں ہو چکی ہیں'

ویب ڈیسک
January 16, 2021
 

فوٹو: فائل

کراچی ریسرچ سینٹر کے ڈاکٹر اقبال چوہدری کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس بہت تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور اب تک اس میں 122 بار تبدیلیاں آ چکی ہیں۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ خطرناک وائرس مستقل تبدیل ہو رہا ہے اور وائرس میں ہر مہینے تبدیلیاں ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس میں اب تک 122 تبدیلیاں ہو چکی ہیں، وائرس میں 32 تبدیلیوں کا اثر چین کے شہر ووہان کے وائرس سے مختلف ہے۔

ڈاکٹر اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ وائرس میں 30 ہزار مالیکیولز ہیں جو فٹبال کی طرح جڑے ہوئے ہیں، مالیکیول انسانی خلیے سے مل کر انفیکشن کو بڑھاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وائرس پر تحقیق کے لیے پورے ملک سے سیمپل لیے گئے، جنوبی افریقا اور برطانیہ میں وائرس کی دو مختلف اقسام دیکھنے میں آئیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث اب تک پاکستان میں ساڑھے 10 ہزار 900 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جس میں سے 3769 افراد کا تعلق سندھ سے ہے۔