LIVE

رومان رئیس پی ایس ایل 6 میں نیا کردار نبھاتے نظر آئیں گے

فیضان لاکھانی
January 21, 2021
 

دو مرتبہ کی چیمپئن ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ رومان رئیس پی ایس ایل سکس میں ٹیم کے بولنگ کنسلٹنٹ ہوں گے— فوٹو: فائل

فاسٹ بولر رومان رئیس انجری کی وجہ سے بطور پلیئر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے چھٹے ایڈیشن سے آؤٹ ہوگئے ہیں تاہم وہ ٹورنامنٹ کے دوران ایک نئے روپ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے ڈگ آؤٹ میں نظر آئیں گے۔

دو مرتبہ کی چیمپئن ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ رومان رئیس پی ایس ایل سکس میں ٹیم کے بولنگ کنسلٹنٹ ہوں گے۔

رومان رئیس پہلے ایڈیشن سے پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ رہے ہیں، ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سابق یونائیٹڈ کپتان اس بار ہیڈ کوچ یوہان بوتھا کے ساتھ ٹیم کے بولرز کی صلاحیت کو بہتر کرنے میں کردار ادا کریں گے۔

ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بطور بولنگ کنسلٹنٹ رومان رئیس کا انتخاب مختلف پلیئرز کے انٹرویوز کے بعد کیا گیا ہے، ہیڈ کوچ یوہان بوتھا کہتے ہیں کہ ٹیم کی حکمت عملی کے مطابق ہی رومان کو ٹیم کا بولنگ کنسلٹنٹ بنایا گیا ہے کیوں کہ وہ دور حاضر کی کرکٹ کے اتار چڑھاؤ سےبخوبی واقف ہیں۔

رومان رئیس کا کہنا ہے کہ انہیں جب پہلے بولنگ کنسلٹنٹ کے رول کے لیے کہا گیا تو کافی حیرت ہوئی تاہم یہ پوزیشن حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے، وہ بطور بولنگ کنسلٹنٹ ٹیم کے بولرز کی صلاحیتوں کو بہتر کرنے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان کے انٹرنیشنل فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا اور اب وقت ہے کہ وہ اسلام آباد کے لیے کچھ کردکھائیں۔