LIVE

فیصل آباد: 22 سالہ نبیلہ نے اپنی سہیلی کو گولی مار کر خودکشی کیوں کی؟

ویب ڈیسک
February 01, 2021
 

فیصل آباد میں گھر آنے سے منع کرنے پر لڑکی نے فائرنگ کر کے اپنی ہی سہیلی کو قتل کر دیا اور خود بھی زہریلی گولیاں کھا کرخود کشی کرلی۔

فیصل آباد کے گاؤں ساہیانوالہ کے علاقہ لاہوریاں میں 22 سالہ نبیلہ عرف شکرا دو پستول سے مسلح ہوکر اپنی سہیلی 20 سالہ مقدس کے گھر پہنچی اور چھت پر بیٹھی مقدس پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے مقدس موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کی چچی شازیہ ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئی۔

مقتولہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ جب نبیلہ گھر آئی تو اسے بہت روکا لیکن اس نے کہا کہ وہ آج بات ختم کرکے جائے گی اور مقدس کو ہی ختم کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے فائرنگ کے بعد زہریلی گولیاں نگل کر گرفتاری دی جسے اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ دم توڑگئی۔

مقدس کے بھائی کے مطابق مقدس کا رشتہ طے ہوچکا تھا اور اس نے ملزمہ کو اپنے گھر آنے اور بہن سے دوستی رکھنے سے منع کیا تھا۔

دونوں لڑکیوں کے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے ملزمہ کے پاس دو دو پسٹل کہاں سے آئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔