LIVE

'سیمی کو کھلاڑیوں سے کام کروانے کا ہنر آتا ہے، اس بار نتائج مختلف ہوں گے'

فیضان لاکھانی
February 18, 2021
 

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے سینیئر بیٹسمین کامران اکمل کہتے ہیں کہ اگر ٹی ٹوئنٹی میں کسی پلیئر کا دن اچھا ہو تو وہ ایک اننگز میں ڈیڑھ سو بھی کرجاتا ہے، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ مثبت کرکٹ کھیلیں اور ٹیم کیلئے زیادہ سے زیادہ اسکور کریں۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں کامران اکمل کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کیلئے ان کی ٹیم کی تیاریاں اچھی ہیں، ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل بھرپور پریکٹس ہورہی ہے، ٹیم کا کامبی نیشن اچھا بن گیا ہے ، اس بار نتائج پہلے سے بہتر ہوں گے اور ٹیم فینز کی توقعات پر پورا اترے گی۔

وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ پچھلے ایڈیشن میں جہاں کمی رہ گئی تھی ان جگہوں کو پلیئرز ڈرافٹ میں پر کرلیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کا ماحول وہ بہت انجوائے کرتے ہیں، اس ٹیم کیلئے کھیلنا ہمیشہ اسپیشل ہوتا ہے اور وہ اس ٹیم کو چھوڑ کر کہیں اور جانے کا سوچتے بھی نہیں۔

ایک سوال پر پاکستان سپر لیگ کے سب سے کامیاب بیٹسمین نے کہا کہ ان کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ وہ کوچ اور کپتان کے معیار پر پورا اتریں اور مثبت رہتے ہوئے ٹیم کو بطور اوپنر اچھا اسٹارٹ دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں۔ 

انہوں نے کہا کہ وہ ہر میچ میں اپنا پورا دل لگاکر سو فیصد دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسکور بڑا ہونا نہ ہونا قسمت کی بات ہے، وہ ذاتی اسکورز کی بجائے ٹیم کی جیت میں اپنا کردار ادا کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

'سیمی کو کھلاڑیوں سے کام کروانے کا ہنر آتا ہے'

کامران اکمل نے اپنے سابق کپتان اور موجودہ کوچ ڈیرن سیمی کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ سیمی کے کردار کی وجہ سے ڈریسنگ روم کا ماحول رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی دنیا کے بہترین کپتانوں میں سے ایک ہیں، سابق ویسٹ انڈین کپتان کو اپنے کھلاڑیوں سے کام کروانے کا ہنر آتا ہے۔

کامران اکمل کا کہنا تھا کہ اس بابر پشاور زلمی کی تیاری بہت اچھی ہے، ٹیم کامبی نیشن بھی شاندار ہے لیکن ٹیم ابتدائی میچز میں ڈیوڈ ملر کو مس کرے گی ، ڈیوڈ ملر کی واپسی کے بعد بیٹنگ لائن اور بھی مضبوط ہوجائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حسن علی پروفیشنل کرکٹر ہیں، نئی ٹیم میں گئے ہیں وہ ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، ایک ہی ڈریسنگ روم میں پانچ سال حسن علی کے ساتھ بہت انجوائے کیا، امید ہے کہ وہ نئی ٹیم سے بھی اچھا کھیلیں لیکن جب سامنا ہوگا تو دوستی یاری سائیڈ پر اور صرف مقابلہ ہی ہوگا۔

ایک سوال پر ٹاپ آرڈر بیٹسمین نے میچز دیکھنے کو اسٹیڈیم آنے والے فینز سے ایس او پی پر عمل درآمد کی اپیل کی اور کہا کہ اگر عوام آج ایس او پی کا خیال رکھیں گے تو امکان ہے کہ کل زیادہ تعداد میں مداحوں کو گراؤنڈ آنے کی اجازت مل جائے۔