LIVE

پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت سے منتقل کرنے کا مطالبہ کیوں کرے گا؟

سہیل عمران
February 19, 2021
 

بھارت نے مطالبوں کی تحریری یقین دہانی نہ کرائی تو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ یو اے ای منتقل کرنے کا کہیں گے، چیئرمین پی سی بی— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ  (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے دوٹوک کہہ دیا ہے کہ اگر بھارت نے مطالبوں کی تحریری یقین دہانی نہ کرائی تو رواں برس بھارت میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ  متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کرنے کا کہیں گے۔

احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے کہا ہوا ہے کہ بھارت سے کھلاڑیوں ، آفیشلز ، فینز اور میڈیا کے ویزوں اور سیکیورٹی کی یقین دہانی لے کر دیں لیکن بھارت نے دسمبر سے لے کر اب تک اس بارے میں نہیں بتایا، اب مارچ تک بات چلی گئی ہے، اگر مارچ میں تحریری یقین دہانی نہ ملی تو پاکستان مطالبہ کرے گا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت سے یو اے ای منتقل کر دیا جائے۔

احسان مانی نے کہا کہ حکومت نے ہمیں بھارت جانے سے کبھی منع نہیں کیا اب بھی ہم نے منع نہیں کیا لیکن ہمارا قانونی حق ہے کہ ہم گارنٹی مانگیں، بھارت کو گارنٹی دینا پڑے گی ورنہ ہم ایونٹ کی منتقلی کا مطالبہ کریں گے، بھارت کھیل خاص طور پر کرکٹ کو سیاست سے جوڑتا ہے کھیل کا سیاست سے تعلق صحت مندانہ نہیں۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ بھارت اگر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو اس برس ایشیا کپ کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا، ایشیا کپ جون میں شیڈول ہے اور میزبانی سری لنکا نے کرنی ہے۔