LIVE

جاوید اختر پر الزامات ، عدالت میں حاضر نہ ہونے پرکنگنا کے وارنٹ جاری

ویب ڈیسک
March 01, 2021
 

عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے 22 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے،فوٹو: فائل

بھارت کے مشہور شاعر، مصنف اور نغمہ نگار جاوید اختر کے خلاف الزامات کے کیس میں ممبئی کی مقامی عدالت نے بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کے وارنٹ  جاری کردیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت کی جانب سے  ہتک عزت کے مقدمے میں طلب کیے جانے کے باوجود حاضر نہ ہونے پر کنگنا کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔

خیال رہےکہ جاوید اختر کی جانب سے گذشتہ سال  کنگنا کے خلاف مقدمے کی درخواست دی گئی تھی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ بالی وڈ اداکار سشانت کی موت کے بعد کنگنا نے مختلف انٹرویوز میں ان کے خلاف بے سروپا اور جھوٹے الزامات لگائے جن سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔

عدالت کی جانب سے یکم فروری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج کنگنا کو طلب کیا گیا تھا تاہم وہ عدالت میں پیش نہ ہوئی۔

عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے 22 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے۔