LIVE

اگلے تین سے چار ماہ میں شادی کروں گا: راہول وادیا

ویب ڈیسک
March 04, 2021
 

فائل:فوٹو

بھارتی کے مقبول رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 14 کے رنر اپ راہول وادیا کا کہنا ہے کہ وہ 3 سے 4 ماہ میں شادی کرلیں گے۔

راہول وادیا نے بگ باس شو میں ٹی وی اداکارہ دیشا پارمر کو پروپوز کیا تھا تاہم بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ راہول کی والدہ نے راہول اور دیشا کی شادی کا امکان رواں برس جون میں ظاہر کیا ہے اور اس سلسلے میں تیاریاں بھی کی جارہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں راہول وادیا کا کہنا تھا کہ اب تک شادی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن شادی 3 سے 4 ماہ میں ہی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے بہت سی شادیوں میں پرفارم کیا ہے لیکن اپنی شادی کی تقریب میں سادگی کو ترجیح دوں گا، شادی کے بعد ہم سب کے لیے ایک فنکشن کا انعقاد کریں گے۔

خیال رہے کہ بگ باس سیزن 14 کے 3 فائنلسٹ میں نکی تنبولی، روبینہ دلیک اور گلوکار راہل ودیا شامل تھے۔

نکی تنبولی کم ووٹوں کی بنا پر فائنل کی ریس سے باہر ہو گئی تھیں جب کہ روبینہ دلیک فاتح اور راہول وادیا رنر اپ قرار دیے گئے تھے۔