LIVE

مہنگی بولیوں کے باعث چینی اور گندم کی درآمد کے ٹینڈرز منسوخ

ویب ڈیسک
March 05, 2021
 

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے 50 ہزار میٹرک ٹن چینی کا ٹینڈر جبکہ 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا ٹینڈر منسوخ کیا، ذرائع— فوٹو:فائل 

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے چینی اور گندم کی درآمد کے ٹینڈرز منسوخ کردیے۔

ذرائع کے مطابق ٹینڈرز مہنگی بولیوں کے باعث منسوخ کیےگئے جبکہ ٹی سی پی نے ٹینڈرز منسوخی سے متعلق وفاقی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی سی پی نے 50 ہزار میٹرک ٹن چینی کا ٹینڈر  جبکہ 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا ٹینڈر منسوخ کیا۔

ذرائع کے مطابق چینی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے درآمد کی جانا تھی اور کم سےکم بولی کے تحت درآمدی چینی 90 روپےفی کلو میں پڑ رہی تھی جبکہ آخری ٹینڈر کے مقابلے میں درآمدی چینی 19 روپے تک فی کلو مہنگی پڑنی تھی اور ٹرانسپورٹ چارجز کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز کو چینی 96 روپےکلومیں پڑتی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی سی پی کو چینی کیلئے کم سےکم بولی 540.10 ڈالرفی میٹرک ٹن موصول ہوئی تھی جبکہ  گندم کی درآمد کیلئے کم سےکم بولی 332.50 ڈالر فی ٹن ملی تھی، ٹی سی پی کو آخری ٹینڈر کے مقابلے میں 48.50 ڈالر فی ٹن مہنگی بولی موصول ہوئی۔

ذرائع کے مطابق گندم خریدی جاتی توپورٹ پر فی من درآمدی گندم 2 ہزار220 روپے میں پڑتی اور گندم پر فی من ٹرانسپورٹ چارجز 700 روپے ادا کرنا پڑتے یوں حکومت کودرآمدی گندم 2720 روپےفی من میں پڑتی۔