LIVE

پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا گیا

ویب ڈیسک
March 08, 2021
 

آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کی صلاحیت اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے خواتین کا دن منایا گیا۔

گھر ہو یا دفتر، اسپتال ہو یا میدان جنگ، ہر شعبے میں خواتین نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے، خواتین کے عالمی دن کو منانےکا مقصد صنفی امتیاز کے خاتمے اور خواتین کے مساوی حقوق کے لیے کوششوں کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔

یوم خواتین کے سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں تقریبات، سیمینار اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں خواتین کے حقوق اور ان کے مسائل کو اجاگر کیا گیا۔

عالمی یوم خواتین پر گوگل کی جانب سے  بھی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

خواتین کا عالمی منانے کا آغاز کیسے ہوا؟

مرد و خواتین کے مساوی حقوق کے لیے خواتین کی جدوجہد کا آغاز تقریباً ایک صدی پہلے امریکا کی سرزمین سے ہوا، 1908 میں ہزاروں خواتین صنفی امتیاز کے خلاف اور خواتین کے حق رائے دہی اور مساوی تنخواہوں کے مطالبات لے کر نیویارک کی سڑکوں پر نکلیں، جس کے بعد 28 فروری 1909 کو امریکا میں یوم خواتین منایا گیا۔

پھر امریکا سے شروع ہونے والی خواتین کی مساوی حقوق کی جدوجہد سالوں کا سفر طے کرتی یورپ، سویت یونین اور دوسرے ممالک تک پہنچی۔

1914 میں یوم خواتین منانے کے لیے 8 مارچ کا دن منتخب کیا گیا اور پھر 1975 میں اقوام متحدہ نے 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن قرار دے دیا۔

اب ہر سال دنیا بھر میں 8 مارچ کو خواتین کے مساوی حقوق کے لیے احتجاجی ریلیاں، خواتین مارچ اور یوم خواتین کی مناسبت سے سیمینارز، مباحثوں اور ملاقاتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔