LIVE

جنوبی افریقا: ‏پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری

سہیل عمران
March 29, 2021
 

جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل پاکستان وائٹ بال اسکواڈ کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 

پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 2 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم آج دوپہر کے سیشن میں سپر اسپورٹس پارک سینچورین میں ٹریننگ کرے گی اور یہ قومی ٹیم کا سینچورین میں دوسرا ٹریننگ سیشن ہو گا۔

‏ پہلے سیشن میں ٹیم نے اسٹیڈیم میں فزیکل ٹریننگ کی اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں لیکن اس کے بعد سینچورین میں بارش شروع ہو گئی جس سے پہلا سیشن متاثر ہوا اور اس کے بعد اسکواڈ نے انڈور بولنگ اور بیٹنگ کی مشقیں کیں۔

فوٹو: جیونیوز

‏ پاکستان ٹیم پریٹوریا میں جہاں مقیم ہے وہاں بھی کرکٹرز کو بائیو سکیور ببل میں رہتے ہو ئے چہل قدمی اور رننگ کی اچھی سہولت میسر ہے، گولف کورس بھی متصل ہے لیکن اسکواڈ میں شامل افراد کو گولف کورس جانے کی اجازت نہیں ہے البتہ رہائشی کمروں کے سامنے کھلے ایریا میں گولف پریکٹس کی جا سکتی ہے۔

اس طرح ‏محمد حفیظ اور بولنگ کوچ وقار یونس گولف کا شوق پورا کر سکیں گے جب کہ ‏ بیٹنگ کوچ یونس خان نے لیک میں فشنگ کا شوق بھی پورا کیا۔

کپتان بابر اعظم حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی بھی اس موقع پر موجود تھے، یونس خان کی کرکٹرز کے ساتھ فشنگ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔