LIVE

پاکستان میں کورونا ویکسین اسپوٹنک فائیو کی فروخت کی اجازت

امین انور
April 01, 2021
 

سندھ ہائیکورٹ نے نجی کمپنی کی  جانب سے روس سے منگوائی گئی کورونا سے بچاؤ کی ویکسین اسپوٹنک فائیو کی فروخت کی اجازت دے دی۔

نجی کمپنی کی جانب سے روس سے منگوائی گئی کورونا ویکسین اسپوٹنک فائیو کی فروخت سے متعلق کیس کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔

دوران سماعت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پر  جواب جمع کروایا گیا۔

نجی کمپنی نے وکیل کا کہنا تھا کہ ہمارا جب ویکسین خریدنے کا معاہدہ ہوا تھا تو اس وقت بھی ویکسین کی قیمت طے شدہ نہیں تھی۔

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے ویکسین کے نرخ کا تعین بعد میں کیا جس کا اطلاق اس ویکسین کی قیمت پر نہیں ہوتا۔

وکیل نجی کمپنی نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ ویکسین کی مارکیٹ میں قیمت سے متعلق تفصیلات رضا کارانہ طور پر پیش کر دیں گے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کورونا وبا کی اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے سب متفق ہیں، اس مرحلے پر کورونا ویکسین کی فروخت روکنا مفاد عامہ کے خلاف ہے، ویکسین جتنی جلدی لوگوں کو لگ سکتی ہے لگ جائے، ایسی صورتحال میں ویکسی نیشن روکنا مناسب نہیں ہے۔

سندھ ہائیکورٹ نے نجی کمپنی کی جانب سے درآمد کی گئی کورونا ویکسین مارکیٹ میں فروخت کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ ویکسین کی قیمت سے متعلق دائر درخواست پر سماعت جاری رہے گی۔