LIVE

امریکا، مشتبہ شخص نے کیپیٹل ہل کی عمارت کے باہر پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی

ویب ڈیسک
April 02, 2021
 

امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں مشتبہ شخص نے  کیپیٹل ہل کی عمارت کے باہر گاڑی پولیس اہلکاروں پر چڑھادی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیپیٹل ہل کی عمارت کے باہر ایک شخص نے دو پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گاڑی میں سوار شخص نے کیپیٹل ہل کے بیریئر سے گاڑی ٹکرائی اور حملہ آور ہاتھ میں چھری لے کر گاڑی سے اترا تو پولیس نے اُس پر گولی چلائی۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے گاڑی سے اترنے والے شخص کوحراست میں لے لیا۔

ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ اِس حملے میں سیکیورٹی پر موجود 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ 

 سیکیورٹی اہلکاروں نے کیپیٹل ہل اور قریبی علاقوں کو بند کردیا ہے جبکہ سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جاری ہیں۔