LIVE

اسلام آباد ہائیکورٹ: فیصل واوڈا کیخلاف نااہلی کیس کی انٹراکورٹ اپیل سماعت کیلیے مقرر

ویب ڈیسک
April 03, 2021
 

اسلام آباد ہائی کورٹ میں دہری شہریت چھپانے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما  فیصل واوڈا کے خلاف نا اہلی کیس کی انٹرا کورٹ اپیل سماعت کےلیے مقررکردی گئی۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بینچ پیر کو اپیل کی سماعت کرےگا۔

اپیل میں سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم کرکے فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

انٹراکورٹ اپیل میں کہا گیا ہےکہ فیصل واوڈا 2018 الیکشن میں نامزدگی فارم جمع کراتے ہوئے دہری شہریت رکھتے تھے ، فیصل واوڈا نے2018 میں نامزدگی فارم جمع کراتے وقت جھوٹاحلف نامہ جمع کرایا،سنگل بینچ کے فیصلے میں تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ نہیں لیا گیا۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہےکہ سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم کرکے فیصل واوڈا کو نااہل کیا جائے۔

خیال رہےکہ سنگل بینچ نے فیصل واوڈا کو بطور رکن اسمبلی مستعفی ہونے کے باعث نااہل قرار نہیں دیا تھا۔

شہری نے بیرسٹر جہانگیر جدون کے ذریعے سنگل بینچ کے فیصلے کو انٹراکورٹ اپیل کے ذریعے چیلنج کر رکھا ہے،گزشتہ ہفتے دو دن انٹراکورٹ اپیل سماعت کے لیے مقرر ہوئیں تاہم ڈویژن بینچ کی عدم دستیابی کے باعث سماعت نہ ہوسکی۔