LIVE

جوہری معاہدہ: امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا بالواسطہ آغاز

ویب ڈیسک
April 07, 2021
 

یورپ کی مصالحت کاری میں ایران اور  امریکا کے درمیان جوہری معاہدے کے حوالے سے بالواسطہ مذاکرات کا ویانا میں آغاز ہو گیا ہے۔

ایران کے مذاکرات کار عباس اراغچی کا کہنا ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ملاقات تعمیری رہی، جمعے کو ایک اور ملاقات ہو گی۔

عباس اراغچی کا کہنا تھا کہ جوہری معاہدے اور  پابندیوں کے خاتمے سے متعلق ماہرین کی بات چیت جاری رہےگی۔

دوسری جانب روسی سفارتکار نے بھی اجلاس کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران جوہری معاہدے پر جوائنٹ کمیشن کی میٹنگ کامیاب رہی۔

روسی سفارتکار کا کہنا تھا جوہری معاہدے کی بحالی میں کتنا وقت لگے گا اس حوالے سے کوئی بھی نہیں بتا سکتا۔

خلیجی اخبار کے مطابق ویانا میں ایران، چین، روس، جرمنی، فرانس اور  برطانوی وفود کے درمیان بات چیت ہوئی۔

خلیجی اخبار کا کہنا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی رابرٹ ملے کی قیادت میں وفد میٹنگ روم میں موجود نہیں تھا کیونکہ ایران پابندیاں ہٹنے تک امریکا سے براہ راست مذاکرات سے انکار کر چکا ہے۔