LIVE

سعودیہ، قطر کی سرمایہ کاری میں تاخیر کیوں؟ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سابق چیئرمین کے انکشافات

ویب ڈیسک
April 09, 2021
 

بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سابق چیئرمین ہارون شریف نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب اور قطر سے یقین دہانی کے باوجود 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری نہ آنے کی وجہ عدم تحفظ کی شکار بیورو کریسی کے ڈھانچے، سیاسی مداخلت، ناتجربے کار اور معلومات سے عاری افراد کی بیرونی سرمایہ کاری کے لیے تعیناتی ہے۔

ہارون شریف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ معاشی پالیسیوں میں عدم استحکام، افسر شاہی کی مزاحمت، سرمایہ کاری کے لیے بیرون ملک متعین سفیروں اور وزراء کی نامزدگیوں میں سیاسی مداخلت پر انہوں نے پُروقار طریقے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔

سابق چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے بتایا کہ کچھ ٹیکنو کریٹس کو غیرمنصفانہ انداز میں عہدے سے بے دخل کرنے کے بعد ان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا، پالیسیوں پر افسر شاہی کے اثرانداز ہونے کے باعث وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریاں نہیں نبھا پائے۔

ہارون شریف کا کہنا تھا انہوں نے ملاقات میں وزیراعظم سے درخواست کی تھی کہ ان کی سربراہی کے بغیر دو طرفہ سرمایہ کاری کا موقع پایہ تکمیل تک نہیں پہنچے گا، افسوس کہ ایسا ہی ہو رہا ہے۔