LIVE

ساری خرابی آپ کی پیدا کردہ، اسے ٹھیک کریں یا گھر جائیں: بلاول کی وزیراعظم پر تنقید

ویب ڈیسک
April 20, 2021
 

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ دنوں لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں ہونے والے پرتشدد مظاہروں پر وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ساری خرابی آپ ہی کی پیدا کردہ ہے، اسے ٹھیک کریں ورنہ گھر جائیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے کو پارلیمان میں نہیں لایا گیا، حکومت نے سڑکوں پر ایکشن لیا، پھر ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دے دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پرتشدد مظاہروں میں 500 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے، انٹرنیٹ بند کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیا، اب تحریک انصاف پارلیمان کے پیچھے چھپنا چاہتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب، یہ ساری خرابی آپ کی ہی پیدا کردہ، اسے ٹھیک کریں یا گھر جائیں۔