LIVE

ایف آئی اے کے نوٹس سنسرشپ کی بدترین مثال ہے، جسٹس اطہر من اللہ کا اظہار برہمی

ویب ڈیسک
May 07, 2021
 

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے نوٹسز سنسرشپ کی بدترین مثال ہے، اگر  اپوزیشن لیڈر درخواست کرے کہ وزیراعظم نے میری توہین کی تو کیا ایف آئی اے وزیراعظم کو نوٹس کرے گی؟ اٹارنی جنرل معاونت کریں کہ کیا سائبر کرائم ایکٹ کا سیکشن 20 آئین کے آرٹیکل 14، 19اور 19 اے سے متصادم ہے؟ 

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے صحافی اسد طور کو ایف آئی اے کے نوٹس کے خلاف درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاونت کریں کہ کیا سائبر کرائم ایکٹ کا سیکشن 20 آئین کے آرٹیکل 14، 19اور 19 اے سے متصادم ہے؟

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر تنقید پر کارروائی شروع کردی تو بات کہیں نہیں رُکے گی، اگر اپوزیشن لیڈر درخواست کرے کہ وزیراعظم نے میری توہین کی تو کیا ایف آئی اے وزیراعظم کو نوٹس کرے گی؟ ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ قانون کے مطابق دیکھیں گے، سپریم کورٹ کے ایک جج کی شکایت بھی ہمارے پاس ہے۔

اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ تحقیق کرکے بتائیں دُنیا کے کتنے مُمالک میں توہین کے الزام کو فوجداری جرم مانا گیا ہو؟ دُنیا کے کئی مُمالک میں جب قانون سازوں نے توہین کو فوجداری قانون بنانے کی کوشش کی تو عدالت نے کالعدم قرار دیا۔

اس کیس کی مزید سماعت عید کے بعد تک ملتوی کردی گئی ہے۔