LIVE

خیبر پختونخوا میں کورونا سے جاں بحق پولیس اہلکاروں کو شہداء پیکج دینےکا مطالبہ

شیبا حیدر
May 08, 2021
 

آئی جی خیبرپختونخوا ثناءاللہ عباسی نے حکومت سے کورونا سے انتقال کرنے والے پولیس اہلکاروں کو شہداء پیکج دینے کی درخواست  کردی۔

خیبرپختونخوا میں کورونا سے متاثرہ پولیس فورس کے اہل کاروں کے لیے تاحال ویکسی نیشن شروع نہ ہوسکی ۔

جیو نیوز کو  موصول  دستاویزات کے مطابق پشاور میں 13پولیس اہلکار جاں بحق اور 151 متاثر ، ہزارہ ڈویژن کے 10پولیس اہلکار جاں بحق 434متاثر،مردان میں کورونا وائرس سے 10اہلکار جاں بحق اور 151متاثر ہوئے، اسی طرح کوہاٹ میں 4 جاں بحق اور 172 پولیس اہلکار متاثر ہوئے ہیں۔

 خیبر پختونخوا کے پولیس سربراہ ثناءاللہ عباسی نے پولیس فورس کے لیے ویکسی نیشن جب کہ کورونا سے جاں بحق اہل کاروں کے لیے شہداء پیکج دینے کی درخواست کی ہے۔

آئی جی پی کے پی ثناءاللہ عباسی کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار ہیلتھ ورکرز کی طرح فرنٹ لائن پر کورونا وبا کے خلاف لڑرہے ہیں، کورونا سے انتقال کرنے والے پولیس اہلکاروں کو شہداء پیکج دینے کے لیے حکومت فوری اقدامات کرے۔

 دوسری جانب سیکرٹری صحت سید امتیاز شاہ کے مطابق محدود وسائل میں پولیس اہلکاروں کے لئے الگ ویکسین کا انتظام ممکن نہیں ہے۔