LIVE

دم پخت اور روسٹ کا زمانہ ہوا پرانا، شکر گڑھ میں بھٹہ گوشت کے چرچے

ویب ڈیسک
May 16, 2021
 

شکر گڑھ میں کوئلے سے چلنے والے اینٹوں کے بھٹے پر اینٹوں کی پکائی کے ساتھ ساتھ لذیذ مٹن، بیف اور چکن بھٹہ گوشت کی پکوائی بھی کی جا رہی ہے۔

مٹن، چکن بیف،کڑاہی، دم پخت اور روسٹ کا زمانہ ہوا پرانا، شکر گڑھ میں غذائیت سے بھرپور اور منفرد ڈش بھٹہ گوشت مقبول ہونے لگی ہے۔

لذیذ بھٹہ گوشت کے لیےگوشت کو دہی، پودینہ، لیموں، نمک اور کٹی ہری مرچ لگا کر چند گھنٹے کے لیے رکھ دیا جاتا ہے، پھر کاغذ اور ایلومینیم شیٹ میں لپیٹ کر کوئلے سے پکتی سرخ اینٹوں کے اوپر اینٹوں کے پاؤڈر میں دبا دیا جاتا ہے، 4 سے 6 گھنٹوں میں لذیذ اور منفرد بھٹہ گوشت کھانے کے لیےتیار ہو جاتا ہے۔

بھٹہ مالک کا کہنا ہے کہ دور دراز سے شہری اپنے دوستوں کے ہمراہ بھٹہ گوشت سے لطف اندوز ہونے کے لیے سرحدی گاؤں جتوال کے بھٹوں کا رخ کر رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ تیل اور مصالحوں کے کم ہونے ہونے کی وجہ سے بھٹہ گوشت لذیذ بھی ہے اور زود ہضم بھی۔

بھٹہ گوشت اپنے منفرد طریقے سے پکائے جانے، بھرپور غذائیت اور سادہ ڈش ہونے کے باعث مقبول ہو رہا ہے۔