LIVE

پیشکش کے باوجود حدیقہ کیانی نے 'الفا براوو چارلی' میں کام کیوں نہیں کیا؟

ویب ڈیسک
June 05, 2021
 

فوٹو فائل

حال ہی میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی پاکستان کی مقبول ترین گلوکارہ حدیقہ کیانی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی کے شہرہ آفاق ڈرامہ سیریل الفا براوو چارلی میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی۔

ایک ویب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں انہیں متعدد پراجیکٹس میں اداکاری کی آفر ہوئی یہاں تک کہ معروف ڈرامہ الفا براوو چارلی میں بھی اداکاری کیلئے کہا گیا لیکن اس آفر کو قبول نا کرسکی۔

حدیقہ کیانی نے بتایا کہ شعیب منصور کے کام کو دیکھتے ہوئے انہیں انکار کرنا کافی مشکل تھا لیکن جن دنوں اس ڈرامے کی کال آئی اس وقت وہ برطانیہ میں مصروف تھیں اور یہ ہی وجہ تھی کہ وہ الفا براوو چارلی کو بھرپور وقت دینے سے قاصر تھیں اسی لیے ڈرامہ کرنے سے انکار کردیا۔

خیال رہے کہ الفا براوو چارلی 90 کی دہائی کا وہ ڈرامہ ہے جس کی یاد اور اثرات مداحوں کے دلوں میں تازہ ہیں، یہ پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کا بلاک بسٹر ڈرامہ تھا۔