LIVE

وکالت پڑھی ہے، موقع ملا تو آصف زرداری کا مقدمہ لڑوں گا، اداکار علی عباس

ویب ڈیسک
June 13, 2021
 

اداکار علی عباس نے جیو نیوز کے خصوصی پروگرام ’جشنِ کرکٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف پسندیدہ شخصیت ہیں، وکالت پڑھی ہے اور موقع ملا تو آصف زرداری کا مقدمہ لڑوں گا۔

علی عباس نے جیو نیوز کے خصوصی پروگرام جشنِ کرکٹ کے  مہمان بنے جہاں انہوں نے کئی سوالات کے جواب دیے۔

علی عباس نے بتایا کہ وہ کرکٹ کے بہت بڑے مداح ہیں اور پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی ٹیم کو سپورٹ کررہے ہیں۔ 

اداکار نے امید ظاہرکی کہ پی ایس ایل کا رواں سیزن قلندرز اپنے نام کریں گے۔

پروگرام کے دوران علی عباس نے بتایا کہ شہباز شریف جس تیز انداز میں تقاریر کرتے ہیں وہ بے حد پسند ہے اس کے علاوہ انہوں نے شہباز شریف کو آل ٹائم فیورٹ قرار دیا۔

اداکار نے بتایا کہ انہوں نے وکالت پڑھی ہے جب کہ ایک سال پریکٹس بھی کرچکے ہیں۔

علی عباس کا کہنا تھا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ آصف علی زرداری کے حق میں مقدمہ لڑیں گے کیونکہ وہ ایک اسمارٹ اور قابل سیاستدان ہیں۔

ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے حالیہ تنازعے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ دونوں ہی اپنی جگہ درست ہیں تاہم مجھے موقع ملا تو ان کی صلح کروانا پسند کروں گا۔