LIVE

کنویں میں 10 ماہ سے پھنسے کتے اور 2 بلیوں کو بچالیا گیا

انیبہ ضمیر شاہ
June 13, 2021
 

کراچی میں اپنی نوعیت کا انوکھا ریسکیو آپریشن ملیر میمن گوٹھ میں ہوا جس میں 10 ماہ قبل کنویں میں گرنے والے کتے اور 2 بلیوں کو نکال لیا گیا۔

برطانوی دور میں بنایا گیا کنواں تقریباً60 فٹ گہرا ہے اور استعمال نہ ہونے کے باعث کیکڑ کی جھاڑیاں سے ڈھک چکا ہے۔

میمن گوٹھ کے رہائشی اختر شاہین نے بتایا کہ 10 ماہ قبل کتا اس میں گرا،  اس کے بھوکنے کی آواز سے اس کے زندہ ہونے کی خبر ملتی رہی جبکہ اس دوران اسے زندہ رکھنے کیلئے گوشت اور بسکٹس ڈالتے رہے۔

محکمہ جنگلی حیات کے انسپکٹر نعیم خان کے مطابق یہ مشکل ترین آپریشن تھا جس میں پہلے کیمرے کی مدد سے جگہ کا جائزہ لیا گیا۔

دوسرے دن کرین کی مدد سے ریسکیو ٹیم کے اہلکاروں کو وائرلیس کے ساتھ کنویں میں اتارا گیا تو ایک اور انکشاف ہوا کہ کتے کے ہمراہ ایک جنگلی اور عام بلی بھی موجود تھی۔

بعدازاں تینوں جانوروں کو کرین کی مدد سے کنویں سے نکالا گیا۔

آپریشن کے دوران جیسے ہی کتے کو باہر نکالا گیا کیا تو وہاں موجود لوگوں نے تالیاں بجا کر ریسکیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔