LIVE

سپر ہائی وے جعلی پولیس مقابلے میں 2 طالبعلموں کے زخمی ہونے کا مقدمہ درج

ویب ڈیسک
June 21, 2021
 

کراچی میں سپر ہائی وے کے قریب جعلی پولیس مقابلے میں دو طالب علموں کو زخمی کرنےکا مقدمہ درج کرلیا گیا اور چار پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

گزشتہ شب پولیس نے 15 سالہ بیت اللہ اور 14 سالہ آصف کو  فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا۔

زخمی طالب علم کے والد کا ایف آئی آر میں کہنا ہے کہ اشارہ دینے کے بعد نہ رکنے پر پولیس نے طلبہ کو ڈاکو قرار دینے اور جان سے مارنے کی کوشش کی جبکہ پولیس کا کہنا ہےکہ اہلکاروں نے مقابلے کی تفصیلات افسران کو نہیں دیں۔ 

مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں اور اے ایس آئی سمیت 4 اہلکار گرفتار ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق پولیس نے 15 سالہ بیت اللہ اور 14 سالہ آصف کو زخمی کیا، دونوں لڑکے جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق پولیس موبائل میں بیٹھے اہلکاروں نے اشارہ دینے کے بعد نہ رکنے پر طلبہ کو ڈاکو قرار دینے اور جان سے مارنے کی کوشش کی۔

گرفتار اہلکاروں میں اے ایس آئی اصغر علی، اہلکار عبدالقادر، کانسٹیبل صابر اور کانسٹیبل ڈرائیور بہادر شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے اہلکاروں نے مقابلے کی تفصیلات افسران کو نہیں دیں، زخمی نوجوانوں کے بیانات بھی حاصل کیے جائیں گے۔