LIVE

کلفٹن میں نجی بینک کا لاکر توڑ کر 250 تولہ سونا لوٹ لیا گیا

افضل ندیم ڈوگر
June 23, 2021
 

کلفٹن بلاک 4 کی رہائشی ڈاکٹر انیتا قاضی نے زمزمہ اسٹریٹ پر واقعہ فیصل بینک میں خاندان کا مشترکہ لاکر لیا تھا جس میں سے سونا چوری ہوا— فوٹو: جیو نیوز

کراچی کے علاقے کلفٹن میں زمزمہ اسٹریٹ پر واقع نجی بینک میں ایک خاندان کا لاکر توڑ کر نامعلوم ملزمان 250 تولہ سے زائد کے سونے کے زیورات لے کر فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق کلفٹن بلاک 4 کی رہائشی ڈاکٹر انیتا قاضی نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ انہوں نے زمزمہ اسٹریٹ پر واقعہ فیصل بینک میں خاندان کا مشترکہ لاکر لیا تھا، جس میں خاندان کی خواتین کے تمام زیورات مشترکہ طور پر رکھے گئے تھے۔

خاتون کے مطابق بدھ کی دوپہر وہ اپنا لاکر چیک کرنے کے لیے بینک آئیں اور  بینک کے آفیسر جہانزیب خان کے ہمراہ چابی لے کر لاکرز روم میں گئیں تو دیکھا کہ ان کا لاکر ٹوٹا ہوا تھا جسے کسی ملزم یا ملزمان نے باقاعدہ طور پر آہنی اوزاروں سے کاٹا تھا۔

خاتون کے مطابق لاکر بالکل خالی تھا جس میں سے ان کے تمام زیورات جو 250 تولے سے زائد وزن کے ہیں، چوری ہوگئے ہیں۔

ایس ایچ او کلفٹن پیر شبیر حیدر کے مطابق خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔