LIVE

کمال راشد اب سلمان خان پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے: عدالتی فیصلہ آگیا

ویب ڈیسک
June 24, 2021
 

فائل فوٹو

فلمی ناقد کمال راشد خان المعروف کے آر کے سے متعلق ممبئی کی عدالت نے عبوری فیصلہ سنایا ہے جس میں انہیں اداکار سلمان خان پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

سلمان خان نے فلمی ناقد کمال راشد خان کی جانب سے تنقید، سخت زبان کے استعمال اور  سپر اسٹار کی ذات کو نشانہ بنانے کے بعد ان پر ہتک عزت کا کیس دائر کیا تھا جس کا عدالت نے عبوری فیصلہ جاری کیا ہے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان کی عدالت میں دائر درخواست کے نتیجے میں اب کے آر کے اداکار کے کاروباری معاملات، فلموں یا ذاتی زندگی پر کوئی تنقید یا تبصرہ نہیں کرسکتے۔

عدالتی فیصلے کے تحت کے آر کے کو سلمان خان کے حوالے سے کوئی بھی ویڈیو یا پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ عدالت اپنا تفصیلی فیصلہ کب تک جاری کرے گی تاہم حتمی فیصلہ آنے تک عبوری حکم نامے پر عمل کیا جائے گا۔