LIVE

پی ایس ایل فائنل سے قبل پشاور کو بڑا دھچکا، حیدر علی اور عمید آصف معطل

سہیل عمران
June 24, 2021
 

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل سے قبل پشاور زلمی کو بڑا دھچکا لگا ہے اور پی سی بی نے بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی پر دو کھلاڑیوں کو معطل کر دیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پشاور زلمی کے حیدر علی اور عمید آصف کو بائیو سکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے فائنل میں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ حیدر علی دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔

پی سی بی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے بائیو سیکور ببل سے باہر افراد سے ملاقات کی اور سماجی فاصلہ نا رکھا جس پر دونوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا فائنل آج پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔