LIVE

نواز شریف کو بلٹ پروف گاڑی بھی دینا پڑی تو دیں گے وہ پاکستان آئیں، شہزاد اکبر

امین حفیظ
June 24, 2021
 

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نےکہا ہےکہ  نوازشریف بیمار نہیں، تندرست ہیں وہ خود کو عدالت کے سامنے پیش کریں، انہیں واپس لانےکے لیے برطانیہ سے دوبارہ رابطہ کیا ہے۔

لاہور میں  میڈیا سے گفتگو کرتے شہزاد اکبر نےکہا کہ نوازشریف بیمارنہیں تندرست ہیں وہ خودکو عدالت کےسامنے پیش کریں، اگر عدالت نوازشریف کو بری کردے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، نواز شریف ہمیں بتائیں انہیں کس سے جان کا خطرہ ہے ہم انہیں تحفظ دیں گے، نواز شریف کو بلٹ پروف گاڑی بھی دینا پڑی تو دیں گے وہ پاکستان آئیں۔

شہزاد اکبر نےکہا کہ نواز شریف نےصحت کی بنیاد پر برطانیہ میں قیام کی توسیع کامطالبہ کر رکھا ہے،برطانیہ نوازشریف کو ڈی پورٹ کرے تو ان کے پاس اپیل کاحق ہوگا۔

 مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نےکہا کہ  نوازشریف کو لانےکے لیے برطانوی حکومت سے دوبارہ رابطہ کیا ہے، ہم نے برطانیہ کوبتا دیاہےکہ نواز شریف سزایافتہ ہیں، وہ علاج کے لیے وزٹ ویزے پر برطانیہ گئے تھے، برطانوی قانون کےمطابق کوئی شخص وزٹ ویزہ پر6 ماہ سےزیادہ نہیں رہ سکتا۔