LIVE

اسلام آباد: لڑکے لڑکی پر تشدد کرنے والا بااثر ملزم گرفتار

ویب ڈیسک
July 07, 2021
 

سوشل میڈیا پر لڑکی اور لڑکے پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے تشدد کرنے والے بااثر ملزم عثمان مرزا کو گرفتار کر لیا۔

اسلام آباد میں عثمان مرزا نامی شخص نے نوجوان لڑکے اور لڑکی کوتشدد کا نشانہ بنایا، لوگوں نے روکنےکی کوشش کی تو ملزم نے نوجوان لڑکے لڑکی کو مغلظات بکیں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بااثر شخص لڑکے اور لڑکی کو ہراساں کر رہا ہے، ان پر تشدد کر رہا ہے اور مغلظات بھی بک رہا ہے۔

ملزم کی اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے پرانی ویڈیوز بھی منظر عام پر آگئی ہیں، ایک ویڈیو ایم کیو  ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کی جانب سے بھی ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ہے۔

لڑکے لڑکی پر تشدد اور ہراساں کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے مرکزی ملزم عثمان مرزا کو گرفتار کر لیا تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ یہ واقعہ کب پیش آیا۔

اسلام آباد پولیس نے اس بات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں کہ گرفتار ملزم عثمان مرزا کون ہے؟ کیا کرتا ہے؟ اور کس تعلق پر اتنا اکڑتا ہے؟ ساتھ ہی متاثرہ لڑکے لڑکی سے بھی تفتیش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔