LIVE

اکاؤنٹ کی تصدیق کیلئے درخواستیں خارج کرنے پر ٹوئٹر کی وضاحت

ویب ڈیسک
July 10, 2021
 

فائل فوٹو

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے صارفین کی تصدیق کے حوالے سے بھیجی جانے والی درخواستوں کو مسترد کرنے پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔

ٹوئٹر نے اپنے اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا کہ ہمیں صارفین کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ ہمیں واضح طور پر بتانا چاہیے کہ بلیو ٹک یعنی صارفین کے اکاؤنٹس کی تصدیق کیلئے بھیجی جانے والی درخواستیں کیوں مسترد کی جارہی ہیں؟

ٹوئٹر کا کہنا ہےکہ فیصلہ کن ای میلز کے تحت آپ کو یہ سمجھنے میں مزید آسانی ہوجائے گی کہ آپ کی درخواستیں کیوں ہمارے معیار پر پورا نہیں اتر رہیں، انہیں دیکھ کر آپ 30 دن بعد دوبارہ اپلائی کرسکتے ہیں۔

ایپ کے پراڈکٹ مینیجر بی بائرن کا کہنا ہے کہ کچھ ای میل لوگوں کیلئے کنفیوژن پیدا کرنے والی تھیں تاہم تصدیق کیلئے ای میلز کے ذریعے بہتر معلومات فراہم کرنا ہماری کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔

خیال رہے کہ ٹوئٹر نے صارفین کیلئے تصدیق کے عمل کا آغاز رواں سال مئی سے دوبارہ کردیا تھا۔ اس سے قبل نومبر2017 میں صارفین کی تصدیق کے سلسلے کو کڑی تنقید کے باعث بند کیا گیا تھا۔

حکام نے واضح کیا تھا کہ تصدیق کے لیے اکاؤنٹ ہولڈر کی پروفائل پکچر اور درست ای میل ایڈریس یا فون نمبر درکار ہوگا۔

حکام کا کہنا تھا کہ ضروری معلومات کے ساتھ اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے یہ شرط بھی رکھی گئی ہے کہ صارف اکاؤنٹ پر 6 ماہ کے دوران فعال رہا ہو۔