LIVE

علی امین کی ویڈیو کا معاملہ، آر او نے پی ٹی آئی رہنما کو فراہم کردہ رقم ضبط کرلی

ویب ڈیسک
July 10, 2021
 

پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری راسب نے ریٹرننگ افسر راجہ شمریز کے روبرو رقم کی وصولی کا اعتراف کرلیا— فوٹو: اسکرین گریب

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی انتخابی مہم کے دوران وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کی رقم تقسیم کرنے کے معاملے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری راسب نے ریٹرننگ افسر کے روبرو رقم کی وصولی کا اعتراف کرلیا۔

ریٹرننگ افسر میرپور ڈڈیال راجہ شمریز نے ویڈیو میں رقم کی تقسیم کے معاملے پردرخواست کی سماعت کی۔

اس دوران پی ٹی آئی رہنماچوہدری راسب نے اعتراف کیا کہ وفاقی وزیر سے تین لاکھ 90 ہزار روپے ملے تھے لیکن اس رقم کا پی ٹی آئی امیدواراظہرصادق سےکوئی تعلق نہیں۔

ریٹرننگ افسر نے رقم ضبط کرتے ہوئے امیدوار اسمبلی اظہر صادق کو بے گناہ قرار دے دیا اور معاملے پر تفصیلی رپورٹ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کوبھیج دی۔

دوسری جانب وزيراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا کہ ویڈیو نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت کر دی ہے لہٰذا اظہر صادق کو نااہل قرار دیا جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر امورکشمیرعلی امین گنڈاپورپرالیکشن مہم میں حصہ لینےپرپابندی لگائی جائے۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر کا بھی کہنا ہے کہ واقعہ الیکشن کمیشن کیلئے ٹیسٹ کیس ہے، اظہرصادق کونااہل اور علی امین گنڈاپورپرالیکشن مہم میں پابندی لگائی جائے۔