LIVE

افغان طالبان اور پاکستانی سیکیورٹی حکام کا رابطہ، باب دوستی پر پیدل آمدورفت بحال

ویب ڈیسک
July 15, 2021
 

افغان طالبان کمانڈر اورپاکستانی سیکیورٹی حکام کا باب دوستی پر پہلا رابطہ ہوا ہے جس کے بعد باب دوستی کو2 روزہ بندش کے بعد پیدل آمدورفت کےلیےکھول دیاگیا۔

لیویز حکام کے مطابق افغان طالبان کمانڈر اورپاکستانی سیکیورٹی حکام کا چمن میں باب دوستی پر پہلا رابطہ ہوا ہے جس میں طالبان اور پاکستانی حکام کا باب دوستی سے متعلق اہم اجلاس ہوا ہے۔

لیویز حکام کا کہنا ہے کہ باب دوستی کو 2 روزہ بندش کے بعد پیدل آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے جس کے بعد  دونوں جانب پھنسے پاکستانی اور افغان شہری آنے جانے لگے ہیں۔

حکام کے مطابق پاکستان میں پھنسے افغان شہری افغانستان جاسکتے ہیں جب کہ افغانستان میں پھنسے صرف پاکستانی شہری واپس آسکتے ہیں۔

 خیال رہےکہ افغان طالبان نے گزشتہ روز باب دوستی اور افغان سرحدی ضلع اسپن بولدک پر قبضہ کرلیا تھاجس کے بعد سے ضلع اسپن بولدک کے دفتری امور طالبان کے پاس آگئے ہیں۔

لیویز حکام کے مطابق بات چیت کا اگلادور باب دوستی سےتجارتی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے ہوگا۔