LIVE

کراچی کے ساحل پر جہاز کو پھنسے 50 گھنٹوں سے زائد ہوگئے

علی عمران سید
July 22, 2021
 

ہینگ ٹونگ 77 جہاز کو کراچی کے ساحل پرپھنسے 50 سے زائد گھنٹے گزر گئے جب کہ جہاز کو نکالنے کیلئے پاکستان کے پاس کم گہرے پانی کے ٹگ پشرز نہیں ہیں۔

ہینگ ٹونگ 77 جہاز 10 سال پرانا ہے تاہم یہ اچھی حالت میں ہے، سپلائی شپ چھوٹا جہاز ہے جو عملہ فراہم کرنے آیا تھا۔

کے پی ٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ کم گہرے پانی کے ٹگ پشرز جہاز کو نکال سکتے ہیں لیکن پاکستان کے پاس کم گہرے پانی کے ٹگ پشرز نہیں ہیں اس کیلئے جہاز کے مالک کو ٹگ پشرز کا انتظام کرنا ہوگا کیونکہ عالمی قوانین کے تحت جہاز مالک کی ذمہ داری ہے۔

دوسری جانب کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ کے پی ٹی کو آگاہ کرنے تک جہاز کم گہرے پانی کی طرف بہنا شروع ہوچکا تھا، کے پی ٹی نے فوری طور پر پاکستان میری ٹائم سکیورٹی کو آگاہ کردیا تھا جب کہ  واقعے سے آمد ورفت کا چینل متاثر نہیں ہوا ہے۔ 

کے پی ٹی کا کہنا ہےکہ ہمارا میرین پولوشن ڈپارٹمنٹ کا عملہ صورتحال کی نگرانی کررہا ہے، جہاز کو کم گہرے پانی سے نکالنا جہاز کے مالک کی ذمہ داری ہے، سمندر اور ماحولیاتی نقصانات جہاز کے مالک کے کھاتے میں جائیں گے، تکنیکی اور آپریشنل معاونت جہاز کے مالک کو حاصل ہیں۔