LIVE

آخر یہ کب ختم ہوگا؟ کراچی میں بچی کے قتل پر شنیرا کا سخت رد عمل

ویب ڈیسک
July 29, 2021
 

فائل فوٹو

کراچی میں اغوا، تشدد اور زیادتی کے بعد بے رحمی سے قتل کی جانیوالی بچی کے واقعے پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا کرم نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

شنیرا نے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ یہ چھوٹی بچی میری بیٹی کی ہم عمر تھی جو گھر سے باہر کھیلنے گئی اور واپس نہ لوٹی۔

انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ مجھے بتائیں کیسے میں اس معاملے پر بات نا کروں؟ یہ واقعہ میرے گھر سے محض 20 منٹ کی دوری پر ہوا ہے، یہ میرے شہر میں ہوا ہے، یہ میرے ملک میں ہورہا ہے۔

شنیرا نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا مجھے یہ بتانا بند کریں کہ یہ سب جگہ ہوتا رہتا ہے، یہ پاکستان میں ہورہا ہے اور میں اس کے خلاف تب تک آواز بلند کرنا بند نہیں کروں گی جب تک ہمارا ملک اس حوالے سے کچھ کرتا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت زیادہ خون بہہ چکا ہے، اس حوالے سے لوگوں کو آگاہی نہیں فراہم کی جارہی اور نا ہی ایسے واقعات کو روکنے کیلئے کوئی اقدام کیے جارہے ہیں۔

شنیرا نے آخر میں لکھا آخر یہ سب کب ختم ہوگا؟